اس مہم کے دوران لاکھوں بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔
قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے نئے سال کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کا اعلان کیا ہے جو کہ 2 فروری سے شروع ہو کر 8 فروری تک جاری رہے گی، یہ مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جائے گی۔
قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق مہم کے دوران ملک بھر میں چار کروڑ پچاس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس قومی مہم میں چار لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھروں میں جاکر بچوں کو حفاظتی ویکسین فراہم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کم نیند، کم عمر؟ نئی تحقیق کا چونکا دینے والا انکشاف
انسداد پولیو حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنانے میں کردار ادا کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ملک میں پانچ مرتبہ قومی انسداد پولیو مہم چلائی گئی تھی جس کے نتیجے میں پولیو کے کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔