وزیراعظم شہباز شریف نے جامعہ اشرفیہ لاہور میں موجودہ مہتمم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید سے مولانا فضل الرحیم اشرفی، سابقہ مہتمم اعلیٰ جامعہ اشرفیہ لاہور کی وفات پر تعزیت کی، نائب مہتمم اعلیٰ حافظ اسد عبید، نائب مہتمم و مرحوم مولانا فضل الرحیم اشرفی کے صاحبزادے زبیر حسن اور ناظم اعلیٰ قاری مولانا اویس حسن بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے مرحوم کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا کی، وزیراعظم نے اس موقع پر وہ وقت یاد کیا جب وہ اپنے والد محترم میاں محمد شریف مرحوم کے ساتھ جامعہ اشرفیہ لاہور میں ایک طویل عرصہ تک نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسلسل حاضر ہوتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگرد حملے میں ممتاز عالم دین مولانا حافظ سلطان محمد شہید
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مرحوم مولانا فضل الرحیم اشرفی کی اسلام کے لیے کی گئی خدمات کو رہتی دنیا تک عالم اسلام میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا، جامعہ اشرفیہ نے ہمیشہ امت مسلمہ کو جوڑنے کا کردار ادا کیا ہے جو کہ ہر لحاظ سے قابل ستائش و تحسین ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم، ممتاز عالمِ دین اور دینی و تعلیمی خدمات کے حوالے سے نمایاں مقام رکھنے والے مولانا فضل الرحیم اشرفی 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: معروف عالمِ دین مولانا فضل الرحیم اشرفی انتقال کر گئے
مولانا فضل الرحیم اشرفی پاکستان کے بڑے اور قدیم دینی ادارے جامعہ اشرفیہ کے مہتمم تھے، وہ جامعہ اشرفیہ لاہور میں شیخ الحدیث کے منصب پر بھی فائز رہے۔
اس کے علاوہ وہ قرآن بورڈ حکومتِ پنجاب کے چیئرمین، عالمی رابطہ ادبِ اسلامی پاکستان کے صدر اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست بھی رہے۔ مرحوم کئی دینی و علمی کتابوں کے مصنف تھے اور علومِ عقلیہ و نقلیہ پر گہری دسترس رکھتے تھے۔