مولانا حافظ سلطان محمد نے ڈیرہ اسماعیل خان کے مفتی محمود ہسپتال میں آخری سانس لی۔
واقعہ وانا کے علاقے کونڑا چینہ میں مدرسے کے قریب پیش آیا، جب مولانا حافظ سلطان محمد مدرسے سے اپنے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں دھماکے کی زد میں آ گئے۔ زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
واضح رہے کہ خارجی دہشتگردوں نے مولانا حافظ سلطان محمد اور ان کی بیٹی کو نشانہ بنایا، جس سے علاقے میں خوف اور ہلچل پھیل گئی۔
مولانا حافظ سلطان محمد جے یو آئی وزیرستان کے رہنما، وفاق المدارس وزیرستان کے ذمہ دار اور ایک ممتاز دینی شخصیت تھے۔ ان کی شہادت پر جے یو آئی پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمان نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مظاہرین نے معروف دانشور ڈاکٹر فرج اللہ شوشتری قتل کردیا
مولانا فضل الرحمان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا حافظ سلطان محمد کی شہادت کی خبر سے دلی دکھ اور افسوس ہوا، اللہ تعالیٰ مرحوم کی شہادت قبول فرمائے اور انہیں اعلیٰ علیین میں جگہ عطا کرے۔
امیر جے یو آئی نے دہشتگرد حملے کی فوری تحقیقات اور ذمہ دار ملزمان کو عبرت کا نشان بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی انتہائی افسوسناک ہے، ریاست شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔