رپورٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجانے والی بھارتی ٹیم سب سے زیادہ رقم کی حقدار ٹھہری جب کہ دیگر ٹیموں کو بھی کارکردگی کی بنیاد پر ادائیگیاں کر دی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر تقریباً 11.25 ملین ڈالر کی انعامی رقم 20 شریک ٹیموں میں تقسیم کی گئی ہے، ایونٹ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دے کر ریکارڈ تیسری بار ٹائٹل جیتنے والی بھارتی ٹیم کو سب سے بڑی رقم 26 لاکھ 39 ہزار 423 ڈالر دی گئی جب کہ رنر اپ نیوزی لینڈ کو 14 لاکھ 22 ہزار 692 ڈالر بطور انعام ملے۔
اسی طرح سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں میں جنوبی افریقا کو 10 لاکھ 5 ہزار 577 ڈالر کی انعامی رقم دی گئی جب کہ انگلینڈ کو 9 لاکھ 74 ہزار 423 ڈالر بطور انعام ملے۔
دیگر ٹیموں میں ویسٹ انڈیز کو 5 لاکھ 38 ہزار 269 ڈالر اور پاکستان کو 5 لاکھ 22 ہزار 692 ڈالر دیے گئے، اسی طرح زمبابوے بھی نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 لاکھ 91 ہزار 538 ڈالر انعامی رقم کی حقدار قرار پائی جب کہ سری لنکا کو 4 لاکھ 75 ہزار 962 ڈالر کی رقم دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت، نیوزی لینڈ کو ہرا کر تیسری بار ٹی ٹوئنٹی کا چیمپئن بن گیا
امریکا، آسٹریلیا اور افغانستان کو 3 لاکھ 9 ہزار 808 ڈالر فی ٹیم دیے گئے، علاوہ ازیں اسکاٹ لینڈ کو 2 لاکھ 78 ہزار 654 ڈالر جب کہ آئرلینڈ کے حصے میں 2 لاکھ 71 ہزار 731 ڈالر کی رقم آئی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کرنے والی ٹیم اٹلی نے نیپال کو شکست دے کر اپنی پہلی کامیابی حاصل کی اور اسے 2 لاکھ 56 ہزار 154 ڈالر دیے گئے جبکہ نیدرلینڈز، متحدہ عرب امارات اور نیپال کو بھی یہی رقم دی گئی جب کہ کینیڈا، نمیبیا اور عمان کو بنیادی ادائیگی کے طور پر 2 لاکھ 25 ہزار ڈالر فی ٹیم فراہم کیے گئے۔
آئی سی سی کے مطابق تمام ٹیموں کو بنیادی رقم کے ساتھ ساتھ میچ جیتنے کے بونس اور ٹورنامنٹ کے مختلف مراحل تک رسائی کے حساب سے اضافی ادائیگیاں بھی کی گئیں۔