معروف عالمِ دین مولانا فضل الرحیم اشرفی انتقال کر گئے
Maulana Fazlur Rahim Ashrafi death
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم، ممتاز عالمِ دین اور دینی و تعلیمی خدمات کے حوالے سے نمایاں مقام رکھنے والے مولانا فضل الرحیم اشرفی 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحیم اشرفی کی نمازِ جنازہ دوپہر 2 بجے جامعہ اشرفیہ لاہور میں ادا کی جائے گی، جس میں علما، طلبہ، سیاسی و مذہبی شخصیات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

مولانا فضل الرحیم اشرفی پاکستان کے بڑے اور قدیم دینی ادارے جامعہ اشرفیہ کے مہتمم تھے، وہ جامعہ اشرفیہ لاہور میں شیخ الحدیث کے منصب پر بھی فائز رہے۔

اس کے علاوہ وہ قرآن بورڈ حکومتِ پنجاب کے چیئرمین، عالمی رابطہ ادبِ اسلامی پاکستان کے صدر اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست بھی رہے۔ مرحوم کئی دینی و علمی کتابوں کے مصنف تھے اور علومِ عقلیہ و نقلیہ پر گہری دسترس رکھتے تھے۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے مولانا فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحیم اشرفی کا سانحۂ ارتحال ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جے یو آئی (ف) کا اسلام آباد میں بڑے احتجاجی مظاہرے کا عندیہ

انہوں نے کہا کہ جامعہ اشرفیہ کا اعلیٰ علمی معیار اور تعلیم و تربیت میں مثالی کردار مولانا مرحوم کی وسعتِ فکر اور خلوصِ نیت کا عکاس ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ مرحوم ایک ثقہ عالم، کہنہ مشق مدرس، بلند پایہ مصنف اور دینی تحریکات کے صفِ اول کے رہنماؤں میں شامل تھے۔ انہوں نے پوری زندگی علومِ اسلامیہ کی خدمت اور مدارس کے تحفظ کیلئے وقف کر رکھی تھی۔

مولانا فضل الرحمن نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور انہیں اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے۔