پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 16 جنوری تک راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں شدید سردی کے ساتھ برفباری کے امکانات ہیں، اس حوالے سے ٹورازم ڈپارٹمنٹ، ایجوکیشن، ہیلتھ، زراعت، لوکل گورنمنٹ، فاریسٹ، سی اینڈ ڈبلیو، ٹرانسپورٹ، ریسکیو 1122، نیشنل ہائی وے اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ 16 جنوری تک دھند اور سموگ کی صورتحال میں بھی اضافہ متوقع ہے، یونیورسٹیز، کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات کو سردی کے حوالے سے مناسب لباس کی ہدایات جاری کی ہیں، کلاس رومز میں سردی سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ، پارہ سنگل ڈیجیٹ میں پہنچ گیا
عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ تمام ہسپتال بالخصوص بیسک ہیلتھ یونٹس ادوایات اور عملے کی دستیابی کو یقینی بنائیں، عوام الناس سے گزارش ہے سردی کی شدت سے خود کو محفوظ رکھیں، ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہدایات پر عمل کریں، سیاحوں کی سہولیات کے لیے مری میں مختلف مقامات پر فسیلی ٹیشن سنٹرز قائم ہیں۔
اس کو بھی پڑھیں: مختلف علاقوں میں بارش اور دھند، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ڈرائیورز دوران سفر تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے اجتناب کریں، دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ چوبیس گھنٹے جاری ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔