مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور دھند کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں، جس کے باعث روزمرہ معمولات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور قریبی پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور کہر پڑنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم متوقع ہے، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں دھند کے باعث حدِ نگاہ میں کمی ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا، شمالی علاقوں میں شدید ٹھنڈ پڑنے کی توقع ہے،جبکہ جنوب مغربی اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ جیوانی، پسنی، اورماڑہ، کیچ اور تربت میں بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے سردی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اسی طرح سندھ کے مختلف اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، دادو، لاڑکانہ، ٹنڈوجام اور موہنجوداڑو میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تعلیمی اداروں میں ایک ہفتے کی اضافی چھٹیوں کا اعلان
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید ٹھنڈ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، بنوں، کرک اور لکی مروت کے ساتھ ساتھ ڈیرہ اسماعیل خان، چارسدہ اور صوابی میں بھی دھند پڑنے کا خدشہ ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔