تعلیمی اداروں میں ایک ہفتے کی اضافی چھٹیوں کا اعلان
Punjab winter holidays
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب بھر میں جاری شدید سردی کے باعث تعلیمی اداروں میں ایک ہفتے کی اضافی چھٹیوں کا بڑا اعلان کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کے پیشِ نظر اسکولوں اور کالجوں میں موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے، موجودہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن آج دوپہر 3 بجے ہونے والی اہم میٹنگ کے بعد جاری کیا جائے گا۔

رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ حکومت نے پہلے ہی طے کر لیا تھا کہ اگر سردی کی لہر برقرار رہی تو طلبہ کیلئے مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

دوسری جانب شدید سرد موسم کے باعث طلبہ کیلئے ایک اور اہم ریلیف کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن (ڈی پی آئی) کالجز نے یونیفارم کے حوالے سے نرمی کی اجازت دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:سخت سردی کے باعث طلبہ کے لیے بڑی رعایت کا اعلان

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق طلبہ کسی بھی رنگ کے سویٹر، کوٹ، جیکٹ، ٹوپی اور موزے پہن سکتے ہیں۔

والدین اور طلبہ کی جانب سے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے، جبکہ ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ سخت موسمی حالات میں بچوں کی صحت کو ترجیح دینا ایک بروقت اور دانشمندانہ اقدام ہے۔