عرب میڈیا کے مطابق ایران کے پاسدارانِ انقلاب گارڈز نے بحرین کے علاقے شیخ عیسیٰ میں امریکی فضائی اڈے کو نشانہ بنایا جس میں 20 ڈرون اور 3 میزائل استعمال ہوئے، حملے کے نتیجے میں امریکی ایئر بیس کی مرکزی کمانڈ اور ہیڈ کوارٹر کی عمارت تباہ ہو گئی اور ایندھن کے ٹینکوں میں آگ بھڑک اٹھی۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ایک سینئر مشیر کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو بند کر دیا گیا ہے ، اس سے گزرنے کی کوشش کرنے والے ہر جہاز کو نشانہ بنایا جائے گا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی کمانڈر انچیف کے مشیر ابراہیم جباری نے کہا کہ اگر کوئی جہاز اس اہم سمندری گزرگاہ سے گزرنے کی کوشش کرے گا تو ایرانی بحریہ اور پاسدارانِ انقلاب اسے تباہ کر دیں گے۔
خیال رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین سمندری گزر گاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی تیل کی تقریباً 20 فیصد ترسیل کی جاتی ہے، اس کی ممکنہ بندش کے باعث عالمی توانائی منڈی میں شدید بے چینی پیدا ہو گئی ہے اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران پر حملے کیلئے فضائی حدود استعمال نہیں کرنے دینگے، امارات
سیکرٹری جنرل ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل علی لاریجانی نے کہا کہ ایران لمبی جنگ کیلئے تیار ہے، اپنی چھ ہزار سالہ تہذیب کا دفاع ہر صورت کرے گا، چاہے اس کی قیمت کچھ بھی ہو۔
ماہرین کے مطابق اس کشیدگی کے عالمی سطح پر سنجیدہ اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے جس سے خطے میں موجود ممالک کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔
ایران کے اس اقدام کے بعد عالمی برادری نے فوری طور پر صورتحال پر نظر رکھنے اور کشیدگی کم کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں جبکہ خطے میں بحری نقل و حمل متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔