یہ فورم 13 سے 21 جولائی 2026 تک منعقد ہوگا اور اس کی میزبانی یونیسکو کے لیے کوریائی قومی کمیشن اور کوریائی محکمۂ ثقافتی ورثہ کریں گے۔
یہ پروگرام خاص طور پر اُن پاکستانی نوجوان پروفیشنلز کے لیے اہم ہے جو ورثے کے تحفظ، تعلیم، تحقیق اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔
فورم کا موضوع ورلڈ ہیریٹیج، کمیونٹیز اور ایجوکیشن: نوجوانوں کو تبدیلی کے محرک کے طور پر بااختیار بنانا ہے۔ اس پروگرام میں دنیا بھر سے 30 نوجوان پروفیشنلز کو منتخب کیا جائے گا جن میں پاکستان سے بھی امیدوار شامل ہوں گے۔
منتخب امیدواروں کو مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی جس میں واپسی کا بین الاقوامی ہوائی ٹکٹ، نو روزہ قیام کے دوران رہائش، روزانہ کھانے، ویزا فیس اور مقامی ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔ اس اسکالرشپ کا مقصد پاکستان سمیت دیگر ممالک کے باصلاحیت نوجوانوں کو بغیر مالی بوجھ کے شرکت کا موقع فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کی اپنے شہریوں کو 12 ممالک فوراً چھوڑنے کی ہدایت
درخواست دہندگان کی عمر 23 سے 32 سال کے درمیان ہونی چاہیے یعنی وہ 1994 سے 2003 کے درمیان پیدا ہوئے ہوں۔ اس پروگرام کے لیے اساتذہ، جامعات کے لیکچررز، عالمی ورثہ مقامات کے منتظمین، ورثہ محققین، انوویشن اسپیشلسٹس اور ثقافتی یا کمیونٹی منصوبوں سے وابستہ این جی او ورکرز درخواست دے سکتے ہیں۔
امیدواروں کو ورثے سے متعلق سرگرمیوں میں فعال کردار اور نوجوان قیادت و کمیونٹی ترقی میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
دلچسپی رکھنے والے پاکستانی امیدوار آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 مارچ 2026 ہے۔