کراچی سمیت ملک بھر میں سردی کی شدت بڑھ گئی، پارہ سنگل ڈیجیٹ میں پہنچ گیا
Karachi cold wave
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، جس کے باعث کراچی میں بھی درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید سردی کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم خشک رہے گا جبکہ رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ شہریوں کو خاص طور پر صبح سویرے اور رات گئے گرم لباس استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ سرد ہواؤں کے باعث درجہ حرارت مزید کم محسوس کیا جا رہا ہے، جس سے سردی کا احساس بڑھ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ شمال مشرقی سمت سے ہوائیں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، نمی میں کمی اور ہواؤں کی موجودگی سرد موسم کو مزید خشک اور ٹھنڈا بنا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:رات گئے اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں 5.8 شدت کا زلزلہ

شدید سردی کے باعث بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو گرم مشروبات کے استعمال اور غیر ضروری طور پر ٹھنڈی ہوا کے سامنے آنے سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی سردی کی لہر جاری ہے، جس کے باعث روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔