ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت پی آئی اے کے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کو اسی ٹکٹ پر ٹورنٹو، مانچسٹر اور لندن میں ٹرین کے سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے، پی آئی اے کی پرواز سے ٹورنٹو پہنچنے والے مسافر ایسیس ریل سروس کے ذریعے کینیڈا کے آٹھ اہم شہروں تک سفر کر سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے شہر مانچسٹر اور لندن کے لیے بذریعہ پی آئی اے سفر کرنے والے مسافروں کو پچاس سے زائد شہروں تک ایسیس ریل سروس کے ذریعے رسائی حاصل ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، ادائیگیوں کا نیا نظام متعارف
ترجمان بتایا کہ مسافر ریل سروس کا ٹکٹ ایئرلائن کے تمام بکنگ دفاتر اور رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس سے حاصل کر سکتے ہیں، ٹکٹس کی بکنگ کی سہولت پی آئی اے کی ویب سائٹ اور موبائل ایپلی کیشن پر بھی دستیاب ہے۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق معاہدے کا بنیادی مقصد مسافروں کو ان کے گھر کی دہلیز تک بہترین سفری سہولیات کی فراہم کو یقینی بنانا ہے، ایئر ٹو ریل اشتراک پی آئی اے کے نیٹ ورک کو ڈیجیٹل اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
اس کو بھی پڑھیں: نادرا نے عوام کیلئے بڑی سہولت متعارف کرا دی
واضح رہے کہ ’ایسیس ریل‘ ایک عالمی کمپنی ہے جو ایئر لائنز اور ریلوے کے مابین پُل کا کام کرتی ہے، پی آئی اے اوراس کمپنی کے درمیان جنوری 2020 میں معاہدہ طے پایا تھا تاکہ مسافروں کو پی آئی اے کے بکنگ پلیٹ فارم کے ذریعے برطانیہ اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں ٹرین کے ٹکٹ بک کروانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
جولائی 2025 میں برطانیہ کی جانب سے پی آئی اے پر عائد پابندی کے خاتمے کے اعلان کے بعد پی آئی اے نے مسافروں کو اب دوبارہ یہ سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔