پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں مقرر، نوٹیفکیشن جاری
اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق 21 جولائی کے لئے پٹرول 35 پیسے فی لٹر سستا جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے فی لٹر مہنگا کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 315 روپے 80 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 360 روپے 6 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی۔
یاد رہے کہ حکومت نے دو روز قبل پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی یومیہ قیمتیں مقرر کرنے کیلئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) کو پالیسی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔
دستاویز کے مطابق اوگرا روزانہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گا ، اوگرا کو روزانہ قیمتوں کے اعلان کے لیے وفاقی حکومت کی منظوری درکار نہیں ہو گی ، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں سات ورکنگ ڈیز کے اوسط عالمی نرخوں سے منسلک ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ
ہفتہ اور اتوار کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی نہیں ہو گی ، پیٹرول کی قیمت درآمدی لاگت اور پریمیم کی بنیاد پر روزانہ طے ہو گی ، درآمد نہ ہونے کی صورت میں سالانہ اوسط پریمیم کے تحت قیمت مقرر کی جائے گی۔
دستاویز میں کہا گیا کہ ڈیزل کی قیمت بھی درآمدی لاگت اور سات روزہ اوسط کے مطابق مقرر ہو گی ، پٹرولیم لیوی کابینہ کی مقررہ حد سے زیادہ نہیں ہو گی ، پٹرولیم لیوی میں تبدیلی صرف وزارت خزانہ کی منظوری سے ممکن ہو گی۔
یکم جولائی 2026 سے اوگرا عالمی پلیٹس ریفرنس قیمتیں بھی ویب سائٹ پر جاری کرے گا ، شفافیت کے لیے عالمی قیمتوں کا روزانہ اجرا لازمی قرار دے دیا گیا۔
یہ بھی دیکھیں: روٹی 25 اور نان 35 روپے کا ہوگیا، شہری پریشان
دستاویز کے مطابق مالی سال 2027 میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی درآمد صرف پی ایس او کرے گا ، پیٹرول کی درآمد او ایم سیز کو مارکیٹ شیئر کے مطابق کرنے کی اجازت ہو گی ، درآمدی شرائط کی خلاف ورزی پر او ایم سیز نو ماہ تک نااہل قرار دی جائیں گی۔
اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں بھی روزانہ مقرر کی جائیں گی، اوگرا کو قیمتوں کے نئے نظام پر فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی۔