تھائی لینڈ کے سیاحتی جزیرے فوکٹ میں آتشزدگی، 11 افراد ہلاک، 16 زخمی
آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے رہائشی اور تجارتی عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث متعدد افراد عمارت کے اندر پھنس گئے۔
رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ پیر 16 نومبر 2026 کو علی الصبح تقریباً 3 بج کر 17 منٹ پر فوکٹ کے علاقے پٹونگ میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکلوں کی خرید و فروخت اور کرائے پر دینے والی دکان میں آگ بھڑک اٹھی۔
حکام کے مطابق آگ چار منزلہ تجارتی عمارت میں لگی تھی، جس کی نچلی منزل پر موٹر سائیکلوں کا کاروبار کیا جاتا تھا، جبکہ اوپری منزلوں پر رہائشی کمرے قائم تھے۔
عمارت میں 100 سے زائد موٹر سائیکلیں موجود تھیں، جن میں پٹرول، ٹائر، ربڑ اور پلاسٹک کے مختلف پرزے بھی شامل تھے۔ آتش گیر مواد کی بڑی مقدار کے باعث آگ نے انتہائی تیزی سے عمارت کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ کے نتیجے میں عمارت میں دھوئیں کے گھنے بادل بھر گئے، جس سے اندر موجود افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد افراد پھنس گئے۔
واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور متاثرہ افراد کو نکالنے کیلئے کارروائیاں شروع کی گئیں، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایران کا بحرین میں امریکی ریڈار پر ڈرون حملے کا دعویٰ
اس ہولناک واقعے نے تھائی لینڈ کے اہم سیاحتی مقام فوکٹ میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ آتشزدگی کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔