بھارت میں خوفناک تصادم، 26 افراد ہلاک
حادثے میں منی بس میں سوار بیشتر افراد کالج کے طالب علم تھے، جو کلاسز ختم ہونے کے بعد اپنے گھروں کو واپس جارہے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک حادثہ آسام میں قازیگار کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار منی بس اور ٹرک آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس حکام کے مطابق منی بس گولاگھاٹ سے ناگاؤں کی جانب جارہی تھی، جبکہ ٹرک آسام کی طرف رواں دواں تھا۔ دونوں گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی بھی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے میں اب تک 26 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے، جبکہ 20 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ترکیہ میں فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 4 اہلکار جاں بحق
دوسری جانب واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔