تربیتی طیارہ خوفناک حادثے کا شکار، 2 پائلٹ ہلاک
کانپور پولیس کمشنر رگھو ویر لال نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت گجرات سے تعلق رکھنے والے انسٹرکٹر پائلٹ سچن بھاٹیا اور کرناٹک کے رہائشی زیرِ تربیت پائلٹ ابھیشیک پجاری کے نام سے کی ہے۔
پولیس کمشنر کے مطابق دونوں پائلٹس نے مقامی گارگ ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر سے صبح تقریباً 11 بج کر 30 منٹ پر تربیتی پرواز کیلئے اڑان بھری تھی۔ طیارہ تقریباً 20 منٹ بعد تربیتی مرکز واپس آتے ہوئے صبح 11 بج کر 50 منٹ کے قریب ایک کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا۔
رگھو ویر لال نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ 4 نشستوں والا 2 انجنوں کا ٹیکنام طیارہ تھا۔ انسٹرکٹر پائلٹ سچن بھاٹیا کو تقریباً 3 ہزار گھنٹے پرواز کا تجربہ حاصل تھا، تاہم تربیتی پرواز کے دوران پیش آنے والے حادثے نے دونوں پائلٹس کی جان لے لی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائی شروع کی اور طیارے سے دونوں لاشیں نکال لی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:مجتبیٰ خامنہ ای زندہ ہیں یا نہیں؟ ٹرمپ کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا
حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) کو بھی دے دی گئی ہے، جس کی ٹیم طیارے کے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تفصیلی تحقیقات کرے گی۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا ٹیکنام طیارہ 2023 میں تربیتی مقاصد کیلئے گارگ ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر لایا گیا تھا۔