بھارتی ساحل کے قریب مال بردار جہاز ڈوب گیا، 22 افراد لاپتہ
حادثے کے بعد 22 افراد تاحال لاپتہ ہیں جبکہ بھارتی کوسٹ گارڈ اور بحریہ نے مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایم وی اوشن ونر نامی مال بردار جہاز نے 20 اگست کی رات تقریباً ساڑھے 10 بجے اڑیسہ کی پارادیپ بندرگاہ سے سنگاپور کیلئے سفر شروع کیا تھا۔ جہاز پر اڑیسہ سے لدا تقریباً 1700 ٹن لوہے کا خام مال موجود تھا۔
رپورٹس کے مطابق 22 اگست کو صبح 11 بج کر 48 منٹ پر سری وجے پورم میں قائم میری ٹائم ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر کو جہاز سے رابطہ منقطع ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔ بعد ازاں جہاز چلانے والی کمپنی وکٹری اسٹار گروپ نے متعلقہ اداروں سے تلاش اور امدادی کارروائی کیلئے مدد طلب کی۔
واقعے کے بعد بھارتی کوسٹ گارڈ اور بحریہ نے فوری طور پر مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔ کوسٹ گارڈ کے جہاز وراد اور انمول کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا گیا، جبکہ وجیت نامی ایک اور جہاز کو بھی امدادی کارروائی میں شامل کرلیا گیا۔
بھارتی کوسٹ گارڈ کے مطابق امدادی ٹیموں نے لائف رافٹس سے دو افراد کو بحفاظت نکال لیا، جبکہ باقی 22 افراد کی تلاش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی خاتون نوجوان کی محبت میں پاکستان پہنچ گئیں، اسلام قبول کرکے نکاح کرلیا
جہاز کے عملے میں 20 چینی، 3 میانماری اور ایک بنگلہ دیشی شہری شامل تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں موجود دیگر بحری جہازوں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے اور انہیں امدادی کارروائی میں تعاون کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے سمندر میں سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ جہاز کے ڈوبنے کی مکمل وجوہات جاننے کیلئے مزید تحقیقات بھی کی جائیں گی۔