امریکی خاتون نوجوان کی محبت میں پاکستان پہنچ گئیں، اسلام قبول کرکے نکاح کرلیا
تفصیلات کے مطابق امریکی خاتون روزانا مرینا اور پاکستانی نوجوان عادل شہزاد کی ملاقات سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کے ذریعے ہوئی۔ عادل شہزاد کے مطابق تقریباً تین سال قبل انہوں نے روزانا مرینا کو فیس بک پر ایڈ کیا، جس کے بعد دونوں کے درمیان دوستی کا آغاز ہوا۔
عادل شہزاد کا کہنا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ دونوں کے درمیان قائم ہونے والی دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی اور دونوں نے زندگی ایک ساتھ گزارنے کا فیصلہ کیا۔ اسی مقصد کے تحت روزانا مرینا امریکا سے پاکستان پہنچیں اور کھیوڑہ میں عادل شہزاد سے نکاح کرلیا۔
امریکی خاتون نے عدالت میں اپنا بیان بھی ریکارڈ کرایا، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی مرضی سے پاکستان آئی ہیں اور انہوں نے عادل شہزاد کے ساتھ اپنی رضامندی سے شادی کی ہے۔
روزانا مرینا نے پاکستان میں قیام کے دوران اسلام قبول کیا، جس کے بعد دونوں کا نکاح مذہبی اور قانونی تقاضوں کے مطابق انجام پایا۔
پاکستانی نوجوان اور امریکی خاتون کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔ صارفین کی جانب سے جوڑے کی شادی پر مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا سے تجارتی مذاکرات ناکام، کینیڈا کا 50 فیصد ٹیرف کا اعلان
سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے اس منفرد شادی پر دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ بعض صارفین نے دونوں کو نئی زندگی کے آغاز پر مبارکباد بھی دی۔ عادل شہزاد اور روزانا مرینا کی محبت کی یہ داستان اب سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کررہی ہے۔