پولیس تعاقب کے دوران خوفناک حادثہ، 7 افراد ہلاک
کلیولینڈ پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی پولیس کے تعاقب میں تھی اور اچانک شاہراہ پر غلط سمت میں سفر کرنے لگی، اسی دوران مخالف سمت سے آنے والی نشان زدہ پولیس گاڑی سے اس کی شدید ٹکر ہوگئی۔
پولیس حکام کے مطابق تصادم انتہائی شدید تھا، جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں سوار تمام سات افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثے کے باعث شاہراہ پر خوفناک صورتحال پیدا ہوگئی اور ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، امدادی اداروں اور دیگر متعلقہ ٹیموں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ امدادی کارروائیوں کے دوران شاہراہ کے متاثرہ حصے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا تاکہ حادثے کی جگہ کو محفوظ بنایا جاسکے اور تحقیقات مکمل کی جاسکیں۔
حادثے کے بعد پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہیں، تحقیقاتی ٹیمیں اس بات کا جائزہ لے رہی ہیں کہ تعاقب کے دوران گاڑی نے اچانک غلط سمت اختیار کیوں کی اور تصادم سے قبل پیش آنے والے واقعات کیا تھے۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی کان بیٹھ گئی، 100 سے زائد افراد ہلاک
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی مکمل وجوہات جاننے کیلئے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے، واقعے سے متعلق مزید معلومات تحقیقات آگے بڑھنے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔
ہولناک حادثے کے باعث علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، حکام نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔