خوفناک بس حادثے میں 12 پولش شہری ہلاک، 10 زخمی
حادثہ ہنگری کے مشرقی علاقے میں ایک موٹروے پر پیش آیا، جہاں مسافروں سے بھری بس مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی۔ بے قابو ہونے کے بعد بس سڑک سے اتر کر گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں بس میں سوار متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے۔
حادثے کے وقت بس میں مجموعی طور پر 57 مسافر سوار تھے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
حادثے کے بعد زخمی ہونے والے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا، پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق تیز رفتاری کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جارہا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آسکے گی۔
حادثے کی خبر سامنے آنے کے بعد پولینڈ میں بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا، پولینڈ کے صدر نے حادثے میں شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ہم نے ایرانی پائلٹس حراست میں نہیں لیے: قطر
حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد کی شناخت اور دیگر ضروری قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ بس حادثے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔