شادی کا کیک یا کوئی فن پارہ؟سب حیران رہ گئے
سعودی خاندان کی شاہی شادی کیلئے تیار کیے گئے اس دیوہیکل کیک کی تیاری میں کئی ماہ اور تقریباً 1800 گھنٹے صرف ہوئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہسپانوی پیسٹری شیف مارک سواریز اپنے نفیس اور منفرد کیکس کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔ حال ہی میں انہیں سعودی خاندان کی ایک شاہی شادی کیلئے خصوصی کیک تیار کرنے کا آرڈر ملا، جس کے بعد انہوں نے اس منصوبے پر بھرپور محنت کی۔
اس شاندار کیک کا ڈیزائن تیار کرنے میں تقریباً ڈیڑھ ماہ صرف ہوا، جبکہ اسے عملی شکل دینے میں مزید 4 ماہ لگے، کیک کی اونچائی 3.5 میٹر جبکہ چوڑائی 1.8 میٹر تھی اور اس کا مجموعی وزن تقریباً 500 کلوگرام تک پہنچ گیا۔
کیک کی سجاوٹ میں انتہائی باریک اور نفیس کام کیا گیا، جس میں تقریباً 33 ہزار پنکھڑیاں شامل کی گئیں۔ شیف کے مطابق صرف ان پنکھڑیوں کو کیک پر سجانا ہی ایک انتہائی محنت طلب مرحلہ تھا۔
مارک سواریز عام طور پر اپنے کام اکیلے کرنے کیلئے جانے جاتے ہیں، تاہم اس بڑے منصوبے کی تکمیل کیلئے انہوں نے اپنے متعدد پیسٹری شیف دوستوں اور ان کے اہل خانہ کی مدد بھی حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں:اسکول کی کینٹین سے کھانا کھانے سے 12 ویں جماعت کا طالبعلم جاں بحق
شیف کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر تقریباً 1800 گھنٹے کام کیا گیا۔ غیر معمولی جسامت، شاہانہ ڈیزائن اور نفیس سجاوٹ کے باعث یہ کیک محض شادی کی میٹھی ڈش نہیں بلکہ ایک فن پارہ دکھائی دیتا تھا، جس نے تقریب کے شرکا اور سوشل میڈیا صارفین کی خصوصی توجہ حاصل کرلی۔