ہم نے ایرانی پائلٹس حراست میں نہیں لیے: قطر
قطری وزارت خارجہ کے مطابق قطری حکام نے فضائی حدود سے متعلق واقعے کے بعد ایرانی پائلٹس سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر قطر نے اپنی فضائی حدود کے تحفظ کیلئے ضروری دفاعی اقدامات کیے۔
قطری حکام نے مزید بتایا کہ ایران کو سرچ آپریشن میں معاونت کیلئے اپنی ٹیم بھیجنے کی دعوت دی گئی تھی، تاہم تہران کی جانب سے اس دعوت کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
قطری وزارت خارجہ کے مطابق قطری ریسکیو ٹیموں نے تلاش کے دوران ایک ایرانی پائلٹ کی باقیات برآمد کی ہیں، مذکورہ پائلٹ کی باقیات ایران کے حوالے کرنے کیلئے ایرانی حکام سے رابطہ کیا گیا ہے۔
قطر نے واضح کیا ہے کہ ایرانی پائلٹس کے معاملے پر سفارتی سطح پر کوششیں جاری ہیں اور واقعے سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے پر انہیں بھی شیئر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے قطر پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے تین ایرانی پائلٹس کو حراست میں لے رکھا ہے۔ تاہم قطری وزارت خارجہ نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر نے کسی ایرانی پائلٹ کو گرفتار نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں:کیرولین لیویٹ کے استعفے کی اصل وجہ کیا؟ بڑا دعویٰ سامنے آگیا
دونوں ممالک کے درمیان سامنے آنے والے اس معاملے کے بعد سفارتی رابطے جاری ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات اور پائلٹس کی صورتحال واضح کرنے کیلئے متعلقہ حکام تحقیقات اور رابطوں میں مصروف ہیں۔