افغانستان: بم حملے میں فیض آباد کے میئر حبیب الرحمٰن جاں بحق
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیض آباد کے میئر حبیب الرحمٰن کی گاڑی میں مقناطیسی بم نصب کیا گیا تھا، جو گاڑی کے ساتھ منسلک تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں میئر حبیب الرحمٰن موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے ساتھ موجود ایک شخص زخمی ہوگیا۔
صوبہ بدخشاں کے ایک افغان عہدیدار نے برطانوی نشریاتی ادارے کو واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فیض آباد کے میئر دھماکے میں جان کی بازی ہار گئے۔ زخمی شخص کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ دھماکے کی نوعیت اور اس کے پس پردہ محرکات جاننے کیلئے تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب طالبان مخالف مسلح گروپ نیشنل ریزسٹنس فرنٹ (این آر ایف) نے مبینہ طور پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فیض آباد کے میئر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم حملے سے متعلق دیگر آزاد ذرائع سے تفصیلات کی مزید تصدیق ہونا باقی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جشنِ آزادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، 4 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ نیشنل ریزسٹنس فرنٹ افغانستان میں طالبان کیخلاف سرگرم ایک مسلح گروپ ہے اور ملک کے مختلف علاقوں میں طالبان حکومت کیخلاف مزاحمت کا دعویٰ کرتا رہا ہے۔
فیض آباد افغانستان کے شمال مشرقی صوبے بدخشاں کا اہم شہر اور صوبائی دارالحکومت ہے، میئر کی ہلاکت کے بعد مقامی سطح پر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جانے کا امکان ہے۔