جشنِ آزادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، 4 افراد جاں بحق
تفصیلات کے مطابق حادثہ پاک افغان شاہراہ پر جمرود کے علاقے شاہ گئی کے مقام پر پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق چنگچی رکشہ اچانک بے قابو ہو کر سڑک پر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 خیبر کے کنٹرول روم سے میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔
امدادی اہلکاروں نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں تحویل میں لیں اور ضروری کارروائی کیلئے جمرود سول ہسپتال منتقل کر دیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں سے ایک کی شناخت محمد یاسین ولد محمد نصیر کے نام سے ہوئی ہے، جو حالیہ طور پر پشاور میں مقیم تھا، جبکہ دیگر تین افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد بھی بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کیلئے کارروائی جاری ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق چودہ اگست کے موقع پر علاقے میں جشن کا ماحول تھا، تاہم افسوسناک حادثے نے خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پولیس میں 23 انسپکٹرز کی بھرتی کا اعلان
حادثے کے بعد مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے شہریوں کو شاہراہ پر سفر کے دوران احتیاط برتنے اور ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔