عمان نے 14 روزہ مفت ٹورسٹ ویزا متعارف کرا دیا
اس فیصلے کے بعد منتخب ممالک کے شہری بغیر ویزا فیس ادا کیے دو ہفتوں کیلئے عمان کا سفر کر سکیں گے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ سہولت غیر ملکیوں کے رہائشی قانون کے انتظامی ضوابط میں ترامیم کے تحت متعارف کرائی گئی ہے۔
نئی اصلاحات رائل عمان پولیس کے فیصلہ نمبر 109/2026 کے تحت نافذ کی گئی ہیں، جسے انسپکٹر جنرل آف پولیس اینڈ کسٹمز لیفٹیننٹ جنرل حسن بن محسن الشرائقی نے جاری کیا۔ یہ ترامیم سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے اگلے روز سے نافذ العمل ہو گئی ہیں۔
نئے ضوابط کے مطابق مجاز حکام اہل ممالک کے شہریوں کو 14 دن کا مفت سیاحتی ویزا جاری کر سکیں گے، مزید یہ کہ اگر کوئی سیاح عمان میں زیادہ عرصہ قیام کرنا چاہے تو ویزا کی مدت ختم ہونے سے پہلے اسے دیگر سیاحتی ویزا کیٹیگریز میں تبدیل کرانے کی سہولت بھی حاصل ہوگی، بشرطیکہ متعلقہ قوانین اور شرائط پوری کی جائیں۔
حکام کے مطابق یہ نئی شق ایگزیکٹو ریگولیشنز کے آرٹیکل 10 میں شامل کی گئی ہے، جبکہ آرٹیکل 29 کے تحت داخلہ ویزوں کے سرکاری شیڈول میں اس کی فیس صفر عمانی ریال مقرر کی گئی ہے، جس سے اہل مسافروں کو بغیر کسی ویزا فیس کے داخلے کی سہولت میسر آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں:جنگ نہیں معاہدہ چاہتے ہیں، ٹرمپ کا ایران سے مذاکرات کا اعلان
تاہم عمانی حکام نے تاحال ان ممالک کی فہرست جاری نہیں کی جن کے شہری اس مفت ویزا سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اہل ممالک کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی، جبکہ یہ ویزا صرف مجاز اتھارٹی کی جانب سے نامزد کیے گئے ممالک کے شہریوں کیلئے دستیاب ہوگا۔