راجن پور میں 15 کلو کی انمول بکری 18 لاکھ روپے میں فروخت
محض 15 کلو وزنی بکری 18 لاکھ روپے میں فروخت کر دی گئی/ فائل فوٹو
Updated | Published August, 3 2026 |
راجن پور (ویب ڈیسک) پنجاب کے ضلع راجن پور میں ایک منفرد اور دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں محض 15 کلو وزنی بکری 18 لاکھ روپے میں فروخت کر دی گئی، جس نے علاقے میں خوب توجہ حاصل کر لی۔
بکری کے مالک کے مطابق "شیری" نسل کی یہ ٹیڈی بکری اپنی منفرد خوبصورتی، نایاب رنگت اور اعلیٰ نسل کی وجہ سے بے حد قیمتی ہے، اسی لیے اس کی قیمت بھی غیر معمولی رکھی گئی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بکری خریدنے والے افراد کئی گاڑیوں پر مشتمل بارات کی شکل میں پہنچے۔ خریداری کے بعد ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے، نوٹ نچھاور کیے گئے اور بکری کو باقاعدہ رخصت کیا گیا۔
اس موقع پر مہمانوں کی تواضع کے لیے قورمہ اور میٹھے چاول بھی پیش کیے گئے، جبکہ تقریب میں شریک افراد نے اس منفرد خرید و فروخت کو شوق اور اعلیٰ نسل کے جانوروں سے محبت کی ایک منفرد مثال قرار دیا۔
یہ انوکھی فروخت سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین اس غیر معمولی قیمت اور منفرد اندازِ خریداری پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔