عمرہ زائرین کیلئے ایک سال کا ملٹی پل انٹری ویزا متعارف
رپورٹ کے مطابق یہ ملٹی پل انٹری ویزا اجرا کی تاریخ سے 365 دن تک مؤثر رہے گا، ویزا رکھنے والے زائرین اس مدت کے دوران اپنی ضرورت اور سفری منصوبے کے مطابق ایک سے زیادہ مرتبہ سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے، تاہم مجموعی قیام کی مدت 90 روزسے زیادہ نہیں ہو گی۔
نئے ویزے سے ان افراد کو خصوصی سہولت ملے گی جو مذہبی زیارات، عمرہ، عزیز و اقارب سے ملاقات یا دیگر اجازت یافتہ مقاصد کے لیے بار بار سعودی عرب کا سفر کرنا چاہتے ہیں۔
ایک سال کی میعاد کے باعث زائرین کو ہر سفر سے پہلے نیا ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی جس سے وقت اور اضافی اخراجات کی بچت ہو گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ 90 دن کی مدت سے مراد تمام دوروں کا مجموعی قیام ہے، مثال کے طور پر کوئی مسافر پہلے سفر میں 30 دن سعودی عرب میں قیام کرتا ہے تو اسے ویزے کی باقی میعاد کے دوران مزید 60 روز قیام کی اجازت ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: عمرہ زائرین کیلئے نئی پالیسی نافذ
تاہم اس ویزے کے تحت حج سیزن کے دوران سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، حج کے لیے صرف باقاعدہ حج ویزا، اجازت نامہ اور متعلقہ حکام کی منظوری ضروری ہو گی، ملٹی پل انٹری ویزا کو حج ویزے کے متبادل کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے پہلے ویزے کی میعاد، باقی قیام کے دنوں اور حج سیزن سے متعلق پابندیوں کی تصدیق ضرور کریں، مقررہ مدت سے زیادہ قیام یا ویزا شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے، ملک بدری یا آئندہ سفری پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔