عمرہ زائرین کیلئے نئی پالیسی نافذ
نئی پالیسی کا مقصد عمرہ زائرین کو بہتر، منظم اور معیاری سہولیات فراہم کرنا اور تمام انتظامات کو جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت لانا ہے۔
سعودی وزارت الحج و العمرہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق اب عمرہ ویزہ حاصل کرنے کیلئے صرف ہوٹل بکنگ اور ٹرانسپورٹ ووچر ہی کافی نہیں ہوگا، بلکہ زائرین کیلئے فوڈ ووچر بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے مطابق ہر رات کے قیام کیلئے کم از کم 20 سعودی ریال مالیت کا فوڈ ووچر ویزہ دستاویزات کا لازمی حصہ ہوگا۔
حکام کے مطابق اس نئے نظام پر عمل درآمد نسک پلیٹ فارم کے ذریعے کیا جائے گا، جہاں عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ، کھانے اور دیگر سہولیات کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر مربوط کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں اس پالیسی کا اطلاق پاکستان، بھارت، مصر اور بنگلہ دیش سے آنے والے عمرہ زائرین پر کیا جا رہا ہے۔
سعودی وزارت نے اس منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تقریباً 10 ہزار ریسٹورنٹس کو بھی نسک پلیٹ فارم سے منسلک کر دیا ہے، تاکہ زائرین کو معیاری، محفوظ اور بروقت غذائی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزارت الحج و العمرہ کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت عمرہ کمپنیوں، ہوٹلوں، ٹرانسپورٹ آپریٹرز اور کیٹرنگ سروس فراہم کرنے والوں کو بھی واضح ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ زائرین کو آمد سے واپسی تک ہر مرحلے پر بہترین خدمات میسر آ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانیوں کیلئے سعودی عرب نے نیا پیکیج ویزا متعارف کرا دیا
واضح رہے کہ گزشتہ برس عمرہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی متعدد کمپنیوں کیخلاف سخت کارروائی کی گئی، انہیں بلیک لسٹ کیا گیا اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
نئی منظور شدہ عمرہ کمپنیوں کو نسک نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ شفافیت، نگرانی اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔