پاکستانیوں کیلئے سعودی عرب نے نیا پیکیج ویزا متعارف کرا دیا
سعودی وزارتِ سیاحت کے مطابق اس نئی اسکیم کا مقصد ویزا، پرواز، ہوٹل بکنگ اور سفری انتظامات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کرنا ہے تاکہ مسافروں کو الگ الگ مراحل سے نہ گزرنا پڑے۔ اس پروگرام کیلئے ابتدائی طور پر پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، مصر، اردن اور میکسیکو کو شامل کیا گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت مسافروں کو سیاحتی ویزا کیلئے الگ سے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی، وہ منظور شدہ ٹریول فراہم کنندگان کے ذریعے ایک مربوط سفری پیکیج خرید سکیں گے، جس میں پرواز، لائسنس یافتہ ہوٹل میں قیام اور الیکٹرانک ٹورسٹ ویزا شامل ہوگا۔
سعودی گزٹ کے مطابق پیکیج کی خریداری مکمل ہونے کے بعد الیکٹرانک ویزا 48 گھنٹوں کے اندر جاری کر دیا جائے گا۔ اس طریقہ کار کے ذریعے سعودی سفارت خانے جانے یا روایتی انداز میں ویزا درخواست جمع کرانے کی ضرورت بھی ختم ہو جائے گی۔
وزارتِ سیاحت نے اب تک ریزرول اور المسافر کو اس سروس کے مجاز فراہم کنندگان کے طور پر منظور کیا ہے، مسافروں کو انہی منظور شدہ اداروں کے ذریعے پیکیج بک کرنا، آن لائن ادائیگی مکمل کرنا اور پھر ویزا، سفری انشورنس اور دیگر سفری دستاویزات ای میل کے ذریعے موصول ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو پَر لگ گئے
اس اسکیم کے تحت جاری ہونے والا سنگل انٹری ٹورسٹ ویزا تین ماہ کیلئے مؤثر ہوگا، جبکہ زائرین سعودی عرب میں کم از کم دو دن اور زیادہ سے زیادہ 88 دن تک قیام کر سکیں گے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئے اقدام سے پاکستانی سیاحوں کیلئے سعودی عرب کا سفر پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان اور تیز ہو جائے گا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔