امریکی فوجی اڈوں پر ڈرون حملے، اسلحہ ڈپو اورریڈارز تباہ
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ العدیری کیمپ میں موجود ایک اسلحہ ڈپو اور علی السالم ایئر بیس پر نصب پیٹریاٹ ریڈار اور فضائی نگرانی کے ایک ریڈار کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی فوج کے مطابق یہ کارروائی ایران پر ہونے والے امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی، جن میں مبینہ طور پر شہری انفراسٹرکچر اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فورسز نے شمالی عراق میں کردستان فریڈم پارٹی کے ٹھکانوں پر بھی حملے کیے۔ رپورٹ کے مطابق اربیل اور سلیمانیہ کے قریب موجود مبینہ اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم فوری طور پر ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب امریکی فوج نے عراق کے شہر اربیل میں امریکی قونصل خانے کے قریب بارود سے بھرے ایک ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران نے امریکی میزائل دفاعی نظام کو چکمہ دینے کی صلاحیت حاصل کر لی
تاحال کویت کی حکومت، کویتی فوج یا امریکی حکام کی جانب سے ایران کے دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صورتحال پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ مختلف ذرائع سے سامنے آنے والے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق کا انتظار کیا جا رہا ہے۔