ایران امریکا معاہدہ، فریقین نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے
امریکی ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس دونوں نے ایران کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر ڈیجیٹل دستخط کئے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ ایران کی جانب سے پارلیمنٹ کےسپیکر محمد باقر قالیباف نےدستاویزپردستخط کئے جبکہ معاہدےپر دستخط کی رسمی تقریب جمعہ کو جنیوا میں ہو گی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تہران کے ساتھ معاہدے پر تمام دستخط ہو چکے اور آبنائے ہرمز پہلے ہی جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے، آبی گزرگاہ جمعہ تک مکمل طور پر کھل جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کو پابندیوں میں ریلیف صرف اس صورت میں ملے گا جب معاہدہ کی تمام شقوں پر عمل کریں گے۔
قبل ازیں فرانسیسی صدر میکرون سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے اور امید ہے مستقبل میں امریکا اور ایران کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران امریکا معاہدہ، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی
امریکی حکام کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی مکمل یادداشت کو عوامی سطح پر جاری کیا جائے گا، معاہدے کی تفصیلات اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں سامنے آئیں گی، ایم او یو کو عوامی طور پر جاری کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی، پابندیوں میں نرمی اور دیگر مراعات معاہدے پر ایران کے عملدرآمد اور کارکردگی سے مشروط ہوں گی۔