کعبۃاللہ کے غلاف کی تبدیلی آج، روح پرور تقریب کی تیاریاں مکمل
دنیا بھر کے مسلمانوں کی توجہ آج رات مسجد الحرام کی جانب مرکوز رہے گی، جہاں نئے اسلامی سال کے آغاز پر کعبۃ اللہ کا سالانہ غلاف، جسے کسوہ بھی کہا جاتا ہے، تبدیل کیا جائے گا۔
حرمین شریفین انتظامیہ کے مطابق غلاف کی تبدیلی کا عمل عشاء کی نماز کے بعد شروع ہو گا، اس موقع پر خصوصی تربیت یافتہ ٹیم انتہائی احتیاط اور منظم انداز میں موجودہ غلاف کو اتار کر نیا غلاف کعبۃ اللہ پر چڑھائے گی، یہ مرحلہ کئی گھنٹوں پر محیط ہو گا اور رات گئے تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

نیا غلاف کنگ عبدالعزیز کمپلیکس فار کسوہ میں جدید اور روایتی مہارت کے امتزاج سے تیار کیا گیا ہے، غلاف کی تیاری میں ماہر کاریگروں نے کئی ماہ تک محنت کی جبکہ اس پر سونے اور چاندی کے تاروں سے قرآنی آیات اور اسلامی نقوش کی خوبصورت کڑھائی کی گئی ہے۔

غلافِ کعبہ کی تبدیلی اسلامی دنیا کی اہم ترین مذہبی تقریبات میں شمار ہوتی ہے، اس موقع پر مسجد الحرام میں موجود ہزاروں زائرین اس روح پرور منظر کے گواہ بنتے ہیں جبکہ دنیا بھر میں کروڑوں مسلمان مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعے اس تاریخی لمحے کو دیکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نئے عمرہ سیزن کے لیے ویزوں کے اجراء کا آغاز
تبدیل کیے جانے والے پرانے غلاف کو خصوصی طریقہ کار کے تحت محفوظ کیا جاتا ہے جس کے بعد اس کے مختلف حصے اسلامی شخصیات، اداروں اور عجائب گھروں کو بطور تحفہ پیش کیے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی روایت صدیوں پر محیط ہے اور اسے بیت اللہ کی خدمت، تعظیم اور احترام کی ایک عظیم علامت سمجھا جاتا ہے، ہر سال اس موقع پر عقیدت، روحانیت اور محبتِ الٰہی کے جذبات اپنے عروج پر ہوتے ہیں۔