ایران کا امریکی کارگو جہاز تحویل میں لینے کا دعویٰ

Strait of Hormuz Iran
فائل فوٹو
Updated | Published June, 7 2026 |
تہران:(ویب ڈیسک) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز میں ایک امریکی کمپنی سے منسلک کارگو جہاز کو تحویل میں لے لیا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مذکورہ جہاز کو سمندری ٹرانزٹ قوانین اور ضوابط کی مبینہ خلاف ورزی کے الزام میں روکا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کے یونٹس نے آبنائے ہرمز میں کارروائی کرتے ہوئے جہاز کو اپنی تحویل میں لیا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت امریکی فوج کی نگرانی میں چار تجارتی جہاز اس حساس آبی گزرگاہ سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے، جن میں سے ایک کو روک لیا گیا جبکہ باقی تین جہاز واپس مڑ گئے۔

سرکاری میڈیا کی جانب سے مبینہ ویڈیو فوٹیج بھی نشر کی گئی ہے، جس میں تیز رفتار ایرانی کشتیوں کو ایک بڑے تجارتی جہاز کے گرد گشت کرتے ہوئے دکھایا گیا، تاہم جہاز کی ملکیت، اس پر لدا ہوا سامان اور اس کا پرچم فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا۔

یہ بھی پڑھیں:49 مسافر صحرا میں پیاس سے مر گئے

دوسری جانب اب تک امریکی حکومت یا امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ آزاد ذرائع بھی اس واقعے کی فوری تصدیق کرنے سے قاصر ہیں۔