لاہور و گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ

صوبائی دارالحکومت لاہور اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو گئے۔
فائل فوٹو
Updated | Published June, 5 2026 | Muhammad Bilal
لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 18 کلو میٹر زیر زمین تھی جبکہ اس کا مرکز کشمیر انڈیا بارڈر ریجن تھا۔

زلزلے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر کھلے مقامات پر نکل آئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ زلزلے قدرتی آفت ہیں جس کے باعث دنیا بھر میں اب تک لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور کئی قومیں تباہ ہو چکی ہیں۔

ماہرین کے مطابق زمین کی سطح 3 بڑی پلیٹوں سے بنی ہوتی ہے، پہلی تہہ یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری کا نام اریبین ہے، زیر زمین حرارت جمع ہوتی رہتی ہے تو یہ پلیٹس ایک جگہ سے دوسری جگہ سرکتی ہیں جس سے زمین ہلنا شروع ہو جاتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔

زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں طرف یلغار کرتی ہیں اور خوف و ہراس پھیل جاتا ہے، زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا، ان علاقوں ميں بہت ہوتا ہے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد اور راولپنڈی میں زلزلے کے جھٹکے

خیال رہے کہ زلزلے کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا 5 واں حساس ترین ملک شمار کیا جاتا ہے، پاکستان انڈین پلیٹ کی شمالی سرحد پر موجود ہے جہاں یہ یوریشین پلیٹ سے ملتی ہے، یوریشین پلیٹ کے نیچے دھنسنے اور انڈین پلیٹ کے آگے بڑھنے کا عمل لاکھوں سال سے جاری و ساری ہے۔

پاکستان کے 2 تہائی رقبے کے نیچے سے گزرنے والی تمام فالٹ لائنز متحرک ہیں جہاں کم یا درمیانے درجہ کا زلزلہ وقفے وقفے سے آتا رہتا ہے۔