اسلام آباد اور راولپنڈی میں زلزلے کے جھٹکے

Islamabad earthquake 5.2
فائل فوٹو
Updated 11 گھنٹے قبل | Published May, 4 2026 |
اسلام آباد:)ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 128 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز تاجکستان اور چین کی سرحدی پٹی کے قریب بتایا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم جھٹکوں کی شدت کے باعث شہریوں میں شدید پریشانی دیکھی گئی، متعدد علاقوں میں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

ماہرین کے مطابق گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے زلزلے کے جھٹکے وسیع علاقے تک محسوس کیے گئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی بڑے نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بلوچستان کے ضلع خضدار اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جہاں زلزلے کی شدت 3.9 ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس زلزلے کا مرکز خضدار سے 62 کلومیٹر جنوب مشرق میں اور زیر زمین گہرائی 10 کلومیٹر تھی، جس کے باعث مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سرکاری اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔ زلزلے کے بعد صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔