موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

rain in Lahore today
فائل فوٹو
Updated | Published May, 3 2026 |
لاہور:)ویب ڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں خصوصاً لاہور میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا اور شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ تیز ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 8 ملی میٹر اور جوہر ٹاؤن میں 7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ تاہم بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔

ایم ڈی واسا غفران احمد نے تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی مسلسل نگرانی کریں اور نکاسی آب کیلئے عملہ ہر وقت فیلڈ میں موجود رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 25 اور زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی اور بعض مقامات پر مزید بارش بھی ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جہاں صبح کے وقت درجہ حرارت 18 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور دن میں 28 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان، چترال اور بالائی خیبر پختونخوا میں جزوی ابر آلود موسم جبکہ مری، کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں شام کے اوقات میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عیدالاضحیٰ کس دن ہو گی؟ رویت ہلال نے بتا دیا

ادھر کراچی میں صورتحال مختلف ہے، جہاں آج سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری کے درمیان رہے گا، جبکہ نمی کا تناسب 75 فیصد ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی، آئندہ 24 گھنٹوں میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جس سے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔