پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں ردوبدل، نوٹیفکیشن جاری

پیٹرولیم مصنوعات
پیٹرول پر لیوی 24 روپے 74 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی/ فائل فوٹو
Updated | Published June, 6 2026 |
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول پر لیوی میں نمایاں اضافہ جبکہ ڈیزل پر لیوی میں کمی کر دی ہے۔

دستاویزات کے مطابق پیٹرول پر لیوی 24 روپے 74 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول پر لیوی کی شرح 91 روپے 34 پیسے سے بڑھ کر 116 روپے 8 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

دوسری جانب حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی میں 24 روپے 34 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔ نئی شرح کے مطابق ڈیزل پر لیوی 68 روپے 93 پیسے سے کم ہو کر 44 روپے 59 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ مٹی کے تیل پر عائد لیوی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ بدستور 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔

ذرائع کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط اور بجٹ خسارہ محدود رکھنے کے لیے حکومت نے پیٹرول پر زیادہ لیوی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد محصولات میں اضافہ اور مالی اہداف کا حصول یقینی بنانا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لٹر کمی کی جبکہ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 377 روپے 78 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لٹر برقرار رکھی گئی۔