ایران کا اسرائیلی ایف 16 طیارہ گرانے کا دعویٰ
ایران
یہ کارروائی ایران کی دفاعی صلاحیت اور فضائی نگرانی کے مؤثر نظام کا ثبوت ہے/ فائل فوٹو
تہران: (ویب ڈیسک) ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ایرانی پاسداران انقلاب نے ایک بار پھر بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے جنگی کارروائی کے دوران اسرائیل کے تیسرے ایف 16 طیارے کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی مؤقف کے مطابق یہ کارروائی ایران کی دفاعی صلاحیت اور فضائی نگرانی کے مؤثر نظام کا ثبوت ہے۔ تاہم دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایرانی دعوے کو فوری طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے کسی بھی جنگی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا اور تمام طیارے محفوظ طریقے سے اپنے مشن مکمل کر کے واپس آگئے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اس نے ایک اور اسرائیلی جنگی طیارے کو ہدف بنایا، جو ایران کے خلاف کارروائیوں میں شریک تھا۔ ایرانی حکام کے مطابق دشمن کے فضائی حملوں کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے اور ایران کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا اور اسرائیل کا ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ، تہران کی تصدیق

اس سے قبل اسرائیلی فوج یہ اعتراف کر چکی ہے کہ اس کا ایک لڑاکا طیارہ ایرانی فضائی حدود میں اینٹی ایئر کرافٹ فائر کی زد میں آیا تھا، لیکن اسرائیلی حکام کے مطابق طیارے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور اس نے اپنا مشن منصوبے کے مطابق مکمل کیا۔

ادھر ایرانی فوج نے امریکا اور اسرائیل پر شدید الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک ایران کے طاقتور حملوں کا مؤثر جواب نہ دے سکنے پر مایوسی کا شکار ہیں۔ ایرانی فوج کے مطابق امریکا اور اسرائیل خلیج میں نجی کشتیوں اور مسافر طیاروں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہے ہیں، جو نہایت خطرناک اور اشتعال انگیز عمل ہے۔ ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس نوعیت کے حملے دوبارہ کیے گئے تو امریکا اور اسرائیل کو سخت اور بھرپور جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب گزشتہ روز بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران پر حملوں کے آغاز سے لے کر اب تک کم از کم 16 امریکی طیارے تباہ ہو چکے ہیں، جن میں ریپر اسٹرائیک ڈرون بھی شامل ہیں۔ تاہم موجودہ جنگی صورتحال میں سامنے آنے والے ان دعوؤں اور جوابی بیانات کی آزاد اور غیر جانب دار ذرائع سے مکمل تصدیق تاحال نہیں ہو سکی، جس کے باعث خطے کی صورتحال مزید حساس اور غیر یقینی دکھائی دے رہی ہے۔
 

سحر و افطار اوقات 22 March 2026, Ramadan
فقہ جعفری فقہ حنفی شہر
افطار سحر افطار سحر
ضرور پڑھیں