غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جب تک نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کونسل میں اپنے نمائندے نامزد نہیں کر دیتے تب تک سابق سیکرٹری سعید جلیلی کو عارضی طور پر علی لاریجانی کی جگہ تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کی طرف سے سرکاری ٹی وی پر جاری پیغام میں علی لاریجانی ، انکے بیٹے اور معاون کی شہادت کی تصدیق کی گئی تھی، واقعہ تہران میں پیر اور منگل کی درمیانی رات ساڑھے 3 بجے کے قریب پیش آیا تھا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق علی لاریجانی پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ اپنے بیٹے کے ساتھ ایک خفیہ اپارٹمنٹ میں قیام پذیر تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی بیٹے سمیت شہید
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ لاریجانی کی ہلاکت ایرانی عوام کو حکومت کے خلاف کھڑے ہونے کا موقع دے گی، ایرانی عوام کی جانب سے مذہبی قیادت کا تختہ الٹنا ایک دم نہیں ہو گا، ایرانی مذہبی قیادت کا تختہ الٹنا آسان کام نہیں، اگر ہم ڈٹے رہے تو عوام اپنی تقدیر اپنے ہاتھ میں لے سکیں گے۔
اسرائیلی فوج نے ایران کی بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کی پاسداران انقلاب نے تصدیق بھی کر دی ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا غلام رضا سلیمانی کی شہادت کے بعد وہ خون کا بدلہ لینے کے جذبے سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔