اسرائیلی میڈیا کے مطابق علی لاریجانی پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ اپنے بیٹے کے ساتھ ایک خفیہ اپارٹمنٹ میں چھپے ہوئے تھے، یاد رہے علی لاریجانی کو آخری بار 13 مارچ کو تہران میں یومِ القدس کی ریلی کے دوران دیکھا گیا تھا۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا لاریجانی کی ہلاکت ایرانی عوام کو حکومت کے خلاف کھڑے ہونے کا موقع دے گی، ایرانی عوام کی جانب سے مذہبی قیادت کا تختہ الٹنا ایک دم نہیں ہو گا، ایرانی مذہبی قیادت کا تختہ الٹنا آسان کام نہیں، اگر ہم ڈٹے رہے تو عوام اپنی تقدیر اپنے ہاتھ میں لے سکیں گے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ تہران پر بڑے پیمانے پر حملوں کی نئی لہر شروع کی ہے ، جس میں تہران میں انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ ایران کے شہر اندرزگو کے علاقے میں بھی ایک بڑا دھماکا ہوا جبکہ کامرانیہ کے علاقے میں پاسدارانِ انقلاب کی بسیج فورس کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا گیا ہے، اسرائیلی فوج نے ایران کی بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا غلام رضا سلیمانی کی شہادت کے بعد وہ خون کا بدلہ لینے کے جذبے سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے، یاد رہے کہ بسیج ایران کی ایک نیم فوجی تنظیم ہے جو رواں سال کے اوائل میں حکومت مخالف مظاہروں کے سخت کریک ڈاؤن میں شامل رہی تھی۔
سعد آباد پیلس کمپلیکس کے قریب بھی کئی شدید دھماکے سنائی دئیے ۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اراک شہر میں امریکا اور اسرائیل کے حملے میں نومولود بچہ اور اس کی 2 سالہ بہن سمیت والدہ اور دادی شہید ہو گئیں۔ ایران کی وزارتِ صحت کے مطابق 28 فروری سے جاری امریکی اور اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 1444 افراد شہید اور 18551 زخمی ہو چکے ہیں۔
ادھر امریکی سنٹرل کمانڈ کے مطابق جنگ میں 13 امریکی فوجی ہلاک ہو اور 200 امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے دشمن کی جانب سے بھیجی گئی سینکڑوں سٹارلنک کی ڈیوائسز ضبط کر لی ہیں۔ ملکی قانون کے تحت سٹارلنک ڈیوائسز کا حصول اور استعمال جرم ہے ، جنگ کے آغاز کے ساتھ ہی ایران میں انٹرنیٹ پر تقریباً بلیک آؤٹ ہے ، تاہم کچھ لوگ انٹرنیٹ سے منسلک ہونے کیلئے سٹار لنک کا استعمال کرتے ہیں۔ ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا اسرائیل اور امریکا کے ساتھ جاری تنازع کے دوران انہوں نے 10 غیر ملکی جاسوس گرفتار کیے ہیں۔