ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا نے اتنی ترقی نہیں دیکھی جتنی میرے دور میں ہو رہی ہے، امریکہ مضبوط، خودمختار اور خوبصورت ملک ہے،ہم نے امریکا میں مہنگائی کا خاتمہ کیا، گزشتہ 3 ماہ میں صرف 1.3 فیصد مہنگائی ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ میری صدارت میں امریکی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، امریکی معیشت کومضبوط کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، بائیڈن کےدور میں امریکا میں کوئی سرمایہ کاری نہیں آئی، میری قیادت میں امریکا نے قدرتی گیس کی ریکارڈ پیداوار کی ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں یورپ سے محبت کرتا ہوں چاہتا ہوں کہ یورپ ترقی کرے لیکن یورپ ٹھیک سمیت میں نہیں جارہا ، یورپ میں کچھ جگہیں اب قابل شناخت نہیں رہیں، یورپی ممالک امریکا کی طرح اقتصادی اصلاحات کریں، امریکا مضبوط اتحادی چاہتا ہے یورپ کو بھی مضبوط ہونا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کے طیارے میں فنی خرابی، ہنگامی لینڈنگ
امریکی صدر نے کہا کہ وینزویلا اب بہت زبردست ترقی کرے گا، اگر آپ سب ساتھ چلیں گے تو ترقی کریں گے، میں ڈنمارک اور گرین لینڈ کی عوام کو بہت پسند کرتا ہوں، لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ گرین لینڈ کی امریکا سے بہتر کوئی حفاظت نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ جیتنے کے بعد ہم نے گرین لینڈ ڈنمارک کے حوالے کیا تھا ہم کتنے بےوقوف تھے، امریکا گرین لینڈ کو معدنیات کی وجہ سے نہیں بلکہ قومی سلامتی کی وجہ سے حاصل کرنا چاہتا ہے، امریکا اپنی فوجی طاقت سے سب کچھ حاصل کرسکتا ہے لیکن میں طاقت کا استعمال نہیں چاہتا، ہمیں دنیا کی حفاظت کے لئے گرین لینڈ کی شکل میں امن کی برف چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں نے رکوائی، میں اب تک مجموعی طور پر 8 جنگیں رکوا چکا ہوں تاہم امریکی صدر ٹرمپ یوکرین وار کا تذکرہ کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔
اس کو بھی پڑھیں: نیٹو کے ایک ملک پر حملہ سب پر حملہ تصور ہوگا، نیٹو ممالک
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ نیٹو دفاعی اخراجات کا صرف 2 فیصد ہی ادا کرتا ہے، یورپ کے زیادہ تر ممالک دفاعی اخراجات ادا نہیں کرنا چاہتے، امریکا نیٹو کے تقریباً دفاعی اخراجات کا 100 فیصد ادا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے نیٹو کی ادائیگیوں کو روکا میں نہیں چاہتا کہ امریکا یورپ کے اخراجات برداشت کرے، نیٹو نے امریکا کو کچھ نہیں دیا اور نہ ہی امریکا نے کچھ حاصل کیا ہے، مضبوط امریکا کا مطلب مضبوط نیٹو ہے۔