پہلگام فالس فلیگ، مودی کو حملے کی رپورٹ 3 روز پہلے مل چکی تھی؟
پہلگام فالس فلیگ کی ناکامی کے بعد میڈیا، عوام اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے مودی پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پہلگام فالس فلیگ کی ناکامی کے بعد میڈیا، عوام اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے مودی پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق مودی اور اس کے میڈیا کی تمام تر کوششوں کے باوجود تاحال پہلگام فالس فلیگ کے معاملے پر تنقید کو نہیں روکا جاسکا ہے، انڈیا ٹو ڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے مودی پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔

انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے کہا ہے کہ مودی کو پہلگام حملے سے 3 دن پہلے حملے کی رپورٹ مل گئی تھی، مودی نے پہلگام حملے سے تین دن قبل انٹیلی جنس رپورٹ کے بعد اپنا مجوزہ دورہ کشمیر منسوخ کیا۔

انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس رپورٹ ہونے کے باوجود مودی نے خود کو تو بچا لیا مگر سیاحوں کو بچانے کیلئے کچھ بھی نہ کیا، اگر انٹیلی جنس الرٹ یہ بتا سکتی ہے کہ وزیراعظم کا جانا محفوظ نہیں تو پھر سیاحوں اور مقامی شہریوں کو کیوں خطرے میں چھوڑا گیا؟

یہ بھی پڑھیں: پہلگام فالس فلیگ، ملایشیا نے بھی مودی کا جھوٹا بیانیہ مسترد کردیا

ملک ارجن کھرگے کا کہنا تھا کہ 22 اپریل کو ملک میں پیش آنے والا دہشت گرد حملہ ایک بڑی انٹیلی جنس ناکامی تھی۔

انڈیا ٹوڈے نے رپورٹ میں لکھا کہ حکومت نے اس ناکامی کو تسلیم تو کیا لیکن سوال یہ ہے کہ اگر حملے کا اندیشہ پہلے سے تھا تو پیش بندی کیوں نہ کی گئی؟24 اپریل کو آل پارٹیز اجلاس میں مرکزی حکومت نے پہلگام حملے میں سکیورٹی کی خامیوں کو تسلیم کیا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ وزارت داخلہ اور انٹیلی جنس بیورو نے تصدیق کی کہ پہلگام میں سکیورٹی کی خامیاں موجود تھیں، اطلاعات تھیں کہ مودی جب کاترا سے سرینگر ٹرین سروس کا افتتاح کرینگے تو حملہ ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل بھارتی اخبار ڈیکن کرونیکلز بھی پہلگام واقعہ میں سکیورٹی کی خامیاں کی نشاندہی کرچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مودی سرکار نے ڈیفنس انٹیلی جنس کے ڈی جی جنرل رانا کو عہدے سے ہٹادیا

سیاسی تجزیہ کار وں نے کہا کہ کانگریس کے صدر کے الزامات سے تصدیق ہوتی ہے کہ مودی کو اپنی عوام سے زیادہ اپنی جان پیاری ہے، اگر اس طرح کے سکیورٹی الرٹ موجود تھے تو کیوں سیاحوں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی تعینات نہ کی گئی۔

تجزیہ کاروں نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے مودی سرکار اور انٹیلی جنس بیورو کو کٹہرے میں لا کر پہلگام واقعہ کی تحقیقات کی جائیں۔