پی ٹی اے حکام نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ 15جنوری کو انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، انٹرنیٹ سروسز کی سست رفتاری سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔
حکام کے مطابق پی ٹی سی ایل اور ٹرانس ورلڈ دونوں کے اپ اسٹریمز معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں، ملک میں انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی مکمل طور پر مستحکم ہے، سب میرین کیبل کی روٹین مرمت کے دوران انٹرنیٹ سروس متاثر نہیں ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں کل انٹرنیٹ سروس میں تعطل کا امکان
پاکستانی ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی جانب سے اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ صارفین کو انٹرنیٹ استعمال میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ 15 جنوری کو بین الاقوامی سب میرین انٹرنیٹ کیبل پر مرمتی کام کے باعث پاکستان بھر کے انٹرنیٹ صارفین کو سست رفتار انٹرنیٹ اور ممکنہ طور پر سروس تعطل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس کو بھی پڑھیں: موبائل اور انٹرنیٹ صارفین کیلئے سائبر سکیورٹی الرٹ جاری
زیر گردش خبروں کے مطابق معروف انٹرنیٹ سروس فراہم کنندہ "نیا ٹیل" نے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ یہ مرمتی کارروائی 15 جنوری کو دوپہر تقریباً 2 بجے شروع ہوگی اور اس میں آٹھ گھنٹے تک کا وقت لگ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ سب میرین کیبلز پاکستان کے بین الاقوامی ڈیٹا ٹریفک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، ملک میں آن لائن براؤزنگ، ویڈیو اسٹریمنگ، سوشل میڈیا، آن لائن تعلیم، فری لانسنگ اور ڈیجیٹل کاروبار کا بڑا انحصار انہی کیبلز پر ہوتا ہے، کسی ایک بڑی کیبل میں خرابی یا مرمت پورے ملک میں انٹرنیٹ سروس کے معیار کو متاثر کر سکتی ہے۔