موبائل اور انٹرنیٹ صارفین کیلئے سائبر سکیورٹی الرٹ جاری
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سالِ نو 2026 کے موقع پر موبائل فون اور انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے تفصیلی سائبر سکیورٹی الرٹس اور احتیاطی ہدایات جاری کر دیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سالِ نو 2026 کے موقع پر موبائل فون اور انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے تفصیلی سائبر سکیورٹی الرٹس اور احتیاطی ہدایات جاری کر دیں۔

این سی سی آئی اے نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ نئے سال کی آمد پر سائبر فراڈ، ڈیجیٹل دھوکہ دہی اور ہیکنگ کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مجرم عناصر عام شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق اس وقت سوشل میڈیا، واٹس ایپ اور ایس ایم ایس کے ذریعے “نئے سال کی مبارکباد”، “خصوصی انعامات”، “جعلی گفٹ ہیمپرز” اور “فری انٹرنیٹ یا موبائل پیکجز” کے نام سے مشکوک پیغامات گردش کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق ان پیغامات میں شامل لنکس بظاہر پرکشش نظر آتے ہیں مگر درحقیقت یہ صارفین کے موبائل ڈیٹا، بینکنگ معلومات اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس چرانے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جی میل نے صارفین کیلئے بڑی اور حیران کن اپڈیٹ کر دی

ایجنسی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی نامعلوم یا غیر مصدقہ نمبر سے موصول ہونے والے لنکس پر کلک کرنا انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے، ایسے لنکس پر کلک کرتے ہی صارف کا موبائل فون میل ویئر یا اسپائی ویئر کا شکار ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں ہیکرز فون پر موجود تصاویر، ویڈیوز، کانٹیکٹس اور حتیٰ کہ بینکنگ ایپس تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا واٹس ایپ، فیس بک یا کسی بھی دیگر ایپلی کیشن کا تصدیقی کوڈ کسی صورت کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں کیونکہ یہی کوڈ اکاؤنٹ ہیک ہونے کا سب سے بڑا ذریعہ بنتا ہے۔

ایجنسی نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات پر ہی اعتماد کریں، موبائل اور کمپیوٹر میں اینٹی وائرس سافٹ ویئر استعمال کریں، ایپس کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھیں اور دوہری تصدیق کو لازمی فعال کریں۔

اس کو بھی پڑھیں: سال 2025 میں دنیا نے گوگل پر کن ناموں کو سب سے زیادہ سرچ کیا؟

این سی سی آئی اے نے صارفین کو ہدایت کی کہ کسی بھی مشکوک پیغام، کال یا لنک کی فوری رپورٹ متعلقہ اداروں کو کی جائے تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق یہ تمام ہدایات حکومتِ پاکستان کے شفافیت، ڈیجیٹل تحفظ اور سائبر سکیورٹی کے فروغ کے ایجنڈے کا حصہ ہیں، ادارہ شفافیت اور احتساب کے فروغ کے لیے مختلف اصلاحات پر عمل پیرا ہے اور سائبر جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایجنسی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ دار ڈیجیٹل رویہ اپنائیں تاکہ نئے سال کی خوشیاں کسی سائبر فراڈ کا شکار نہ بنیں۔