پاکستانی طلبہ کیلئے اسکالرشپ کا آغاز
Fulbright Scholarship Pakistan
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): امریکہ کی معتبر جامعات میں پاکستانی طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ کا آغاز کردیا گیا ہے۔

فلبرائٹ اسکالرشپ پروگرام 2027 کی درخواستیں پاکستان میں کھول دی گئیں ہیں جس کے تحت منتخب طلبہ کو تمام اخراجات کی مکمل معاونت فراہم کی جائے گی جس میں ٹیوشن فیس، رہائش، ماہانہ اخراجات، طبی بیمہ، فضائی سفر اور ویزا کی فیس شامل ہیں۔

پروگرام کا مقصد پاکستانی طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیقی تجربات اور بین الاقوامی رابطوں کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

امریکا میں قائم تعلیمی اداروں کے ساتھ شراکت کے ذریعے یہ پروگرام 1950 سے پاکستانی اور امریکی طلبہ کیلئے تعلیمی و ثقافتی تبادلے کا ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کررہا ہے۔ USEFP کے مطابق اب تک 9 ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ اور تقریبا 1 ہزار امریکی اس پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں۔

اس اسکالرشپ کے لیے امیدواروں کا انتخاب تعلیمی کارکردگی، جی آر ای اور دیگر امتحانات کے نتائج، قائدانہ صلاحیت اور ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنے کے جذبے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: 25 اور 26 فروری کو عام تعطیل کا اعلان

اس پروگرام میں تمام شعبہ جات شامل ہیں مگر سائنس، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، تجارت و معیشت، قدرتی وسائل کے انتظام اور غیر کلینیکل پبلک ہیلتھ کو ترجیح دی جائے گی۔

یونائیٹڈ اسٹیٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر موران نے طلبہ کو درخواست دینے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام نے گزشتہ 75 سالوں میں علمی معیار کو فروغ دیا ہے اور اداروں کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کیے۔

دلچسپی رکھنے والے طلبہ 1 اپریل 2026 تک ادارے کی ویب سائٹ  https://www.usefp.org کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں