جاری کردہ شیڈول کے مطابق جماعت 8 کے امتحانات 9 مارچ 2026 سے شروع ہو کر 12 مارچ 2026 تک جاری رہیں گے۔ تمام پرچے صبح 9:00 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک ہوں گے۔
امتحانات کا آغاز پیر 9 مارچ کو ریاضی کے پرچے سے ہوگا۔ منگل 10 مارچ کو اردو، بدھ 11 مارچ کو انگریزی جبکہ جمعرات 12 مارچ کو سائنس کا پرچہ لیا جائے گا۔
اتھارٹی نے بتایا کہ جماعت 8 کے دیگر تمام مضامین کے امتحانات اسکول خود اسکول بیسڈ اسیسمنٹ ماڈل کے تحت IBS سہولت کے ذریعے منعقد کریں گے۔ دیگر مضامین اور دیگر جماعتوں کے سالانہ ٹرم اسیسمنٹ 2026 کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔
امتحانی ہدایات کے مطابق طلبہ کو کیلکولیٹر، موبائل فون، اسمارٹ واچ یا کسی بھی قسم کے الیکٹرانک آلات امتحانی مرکز میں لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرچہ شروع ہونے سے کم از کم 30 منٹ پہلے امتحانی ہال میں پہنچ جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: لیپ ٹاپ اسکیم میں درخواست دینے والوں کیلئے خوشخبری
طلبہ کے لیے بی فارم اور رول نمبر سلپ ساتھ لانا لازمی ہوگا۔ اتھارٹی نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ امیدوار نیلا یا کالا بال پوائنٹ پین اور کلپ بورڈ ساتھ لائیں۔ ریاضی کے پرچے کے لیے جیومیٹری باکس لانا ضروری ہوگا۔
مزید برآں، امیدواروں کو صرف فراہم کردہ جوابی کاپی استعمال کرنے کی اجازت ہوگی چاہے سوالات معروضی ہوں یا تشریحی، اضافی شیٹس فراہم نہیں کی جائیں گی۔ کسی بھی امیدوار کو پرچہ ختم ہونے سے پہلے امتحانی ہال چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔