رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی اداروں کو ہدایت دیں گے کہ وہ خلائی مخلوق اور نامعلوم اُڑنے والی اشیا (یو ایف او) سے متعلق سرکاری ریکارڈ کو پبلک کرنا شروع کریں کیونکہ اس معاملے میں عوام بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے ایک بیان میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ پینٹاگون کے سربراہ پیٹ ہیگستھ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کریں گے کہ اس حوالے سے دستیاب معلومات کو عوام کے سامنے لایا جائے۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے سابق امریکی صدر باراک اوباما کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ اوباما نے خلائی مخلوق سے متعلق گفتگو میں خفیہ معلومات ظاہر کیں تاہم اس حوالے سے وہ کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی ایک بار پھر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی تعریف
یاد رہے کہ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں سابق امریکی صدر باراک اوباما نے کہا تھا کہ کائنات کی وسعت کو دیکھتے ہوئے زمین سے باہر زندگی کے امکانات موجود ہیں، لیکن ان کے دورِ صدارت میں ایسی کوئی شہادت سامنے نہیں آئی کہ خلائی مخلوق نے زمین سے رابطہ کیا ہو۔
اوباما نے مشہور مقام ایریا51 سے متعلق سازشی نظریات کو بھی مسترد کیا جبکہ پینٹاگون کی گزشتہ برسوں کی تحقیقات میں بھی اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ خلائی مخلوق نے زمین کا دورہ کیا ہو۔
2024 کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد سے کی جانے والی تحقیقات میں کسی غیر زمینی ٹیکنالوجی کا سراغ نہیں ملا اور زیادہ تر مشاہدات عام اشیا یا قدرتی مظاہر نکلے۔