امریکی صدر ٹرمپ کی ایک بار پھر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی تعریف
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل و چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔
امریکی صدر غزہ بورڈ آف پیس سے خطاب کر رہے ہیں
واشنگٹن: (سنو نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل و چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔

واشنگٹن میں منعقدہ غزہ امن بورڈ کے پہلے اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت اور اجلاس میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وزیراعظم شہباز شریف کو بہت پسند کرتا ہوں، وہ بھی میری جنگ بندی کی کوششوں کو سراہتے رہتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بہت اعلیٰ سپہ سالار ہیں، فیلڈ مارشل بہت بڑے فائٹر ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنے خطاب میں ایک مرتبہ پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی جنگ بہت شدت اختیار کر رہی تھی، ہم نے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اس جنگ کو رکوایا، جنگ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے قریبی تعلقات قائم ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پولینڈ کی اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت

امریکی صدر نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بتایا کہ اگر جنگ نہ روکی تو بھاری ٹیرف لگائیں گے، پاک بھارت جنگ کے دوران بھارت کے گیارہ طیارے گرائے گئے۔

غزہ میں امن کے حوالے سے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مارکوروبیو، اسٹیو وٹکوف نے جیرڈکشنر نے غزہ کیلئے بہت کام کیا، بورڈ آف پیس میں بہت سے پیارے ملک شامل ہیں ، ہم سب قیام امن کیلئے کوششیں کررہے ہیں، ہمیں امن کیلئے مزید محنت سے کام کرنا ہوگا، اہداف کے حصول کیلئے بورڈ آف پیس کے علاوہ کوئی فورم نہیں۔