محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کیلئے ڈریس کوڈ نافذ کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت تدریسی عملے کیلئے مخصوص اور باوقار لباس پہننا لازم قرار دیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق تمام اساتذہ کو تدریسی اوقات میں بلیک گاؤن پہنا ہوگا، خواتین اساتذہ کو بند جوتے یا سادہ سینڈلز استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ مرد اساتذہ کیلئے سادہ رنگ کی شلوار قمیض یا پینٹ شرٹ پہننے کی اجازت ہوگی ساتھ ہی بند جوتے یا اسٹریپ والے سینڈلز لازمی قرار دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک میں 13 ہزار روپے حاصل کرنے کا طریقہ جانیے
محکمہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، یکسانیت اور پیشہ ورانہ شناخت کو فروغ دینا ہے تاکہ اساتذہ کا وقار نمایاں ہو اور طلبہ و والدین میں احترام کا جذبہ مزید مستحکم ہو۔
نوٹیفکیشن میں تمام اسکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ تعلیمی ماحول کو مزید منظم اور باوقار بنایا جا سکے۔