رمضان المبارک: عمرہ ٹکٹوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی ملکی اور غیر ملکی فضائی کمپنیوں نے عمرہ کے کرایے میں ہوشربا اضافہ کر دیا۔
فائل فوٹو
کراچی :(ویب ڈیسک) رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی ملکی اور غیر ملکی فضائی کمپنیوں نے عمرہ کے کرایے میں ہوشربا اضافہ کر دیا۔

رمضان المبارک میں عمومی طور پر عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ ہو جاتا ہے، رواں برس بھی ماہ صیام کے پہلے عشرہ میں عمرہ زائرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھتے ہوئے ملکی و غیر ملکی فضائی کمپنیوں نے اپنے کرائے بھی بڑھا دیے ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کا بتانا ہے کہ بزنس کلاس کا کرایہ پانچ لاکھ روپے فی کس تک جا پہنچا ہے جبکہ اکانومی کلاس اور اکانومی پلس کا کرایہ ایک لاکھ 80 ہزار سے دو لاکھ کے درمیان تک وصول کیا جا رہا ہے جبکہ ماہ مقدس کے پہلے عشرہ کی نسبت دوسرے اور تیسرے عشرے میں کرایوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمرہ زائرین کیلئے نئی سہولت متعارف

ذرائع کا بتانا ہے کہ معمول کے مطابق اکانومی اور اکانومی پلس کا کرایہ ایک لاکھ تیس سے چالیس ہزار روپے تھا جو اب بڑھ کر ایک لاکھ 80 ہزار سے لے کر دو لاکھ روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ بزنس کلاس کا کرایہ سوا چار لاکھ روپے سے لے کر ساڑے 4 لاکھ روپے تھا جو اب پانچ لاکھ روپے تک پہنچ چکا ہے۔

ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ تمام بڑی فضائی کمپنیوں کی فلائٹس تقریباً فُل ہو چکی ہیں جس کے باعث سیٹوں کی دستیابی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے، دوسری جانب مارکیٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر رش مزید بڑھا تو کرایوں میں مزید اضافے کے امکان کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔ 

ضرور پڑھیں